Mar ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • سوئیزرلینڈ اور جرمنی میں فائرنگ کے واقعات متعدد افراد ہلاک اور زخمی

دو مسلح افراد نے سوئیزر لینڈ کے شہربازل میں چائے کے ایک ہوٹل میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

سوئیزرلینڈ کے مغربی شہر بازل کی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

ابھی تک اس حملے کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں اور نہ ہی مرنے والے شخص کی شناخت ہوسکی ہے۔

پچھلے چند گھنٹے کے دوران یورپی ملکوں میں پبلیک مقامات پرکیا جانے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات جرمنی کے شہر ڈوسلڈورف کے ریلوے اسٹیشن پر دو افراد نے عام لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں کم سے کم پانچ افراد زخمی ہوگئےتھے۔

جرمنی میں ہونے والے حملے کے تعلق سے دومشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں مزید افراد کے ملوٹ ہونے کا امکان پایا جاتاہے۔

جرمنی کے شہر ڈوسلڈورف کے ریلوے اسٹیشن پر اس حملےکے بعد مذکورہ اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور پولیس کی بھاری نفری نے اسٹیشن کے آس پاس کے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر بھی فضا میں پرواز کرتے نظر آئے۔

اس سے پہلے دسمبر میں برلین کے کرسمس بازار میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک اور چھپن دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

دو روزقبل جرمنی کی داخلی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے ملک میں دہشت گردانہ حملے کی بابت خبردار کیا تھا۔

یورپی ملکوں کو جو مشرق وسطی کے ملکوں خاص طور پر عراق اور شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے سب سے بڑے حامی اور ان ملکوں میں بحران پیدا کرنے کے اصل ذمہ دار ہیں،  پچھلے مہینوں کے دوران خود دہشت گردانہ کارروائیوں کا سامنا رہا ہے۔

ٹیگس