سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کے برطانوی اقدامات پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تنقید
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے لئے اپنے ہتھیاروں کی فروخت بند کردے-
پرس ٹی وی نے خبر دی ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کے برطانوی حکومت کے اقدامات اور ان ہتھیاروں کو یمنی شہریوں پر استعمال کئے جانے کی کارروائیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کو اپنے ہتھیاروں کی فروخت بند کر دے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی شہریوں سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے منتخب ممبران پارلیمنٹ سے کہیں کہ وہ حکومت پر اس بات کے لئے ڈباؤ ڈالیں کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت بند کردے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے لندن کو خبـردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات میں وہ ریاض کے ساتھ شریک نہ ہو جو جنگی جرائم شمار ہوتے ہیں۔
اس سے پہلے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نمائندوں نے میڈریڈ میں ہسپانوی حکام سے ملاقات میں سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت پر تنقید کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برس سے امریکا، برطانیہ اور اسرائیل کی حمایت سے یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جن میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں یمنی باشندے بے گھر ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں یمن کی بیشتر شہری تنصیبات بھی تباہ ہوچکی ہیں۔