Apr ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۸ Asia/Tehran
  • فلپائن: سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین جھڑپ، 9 ہلاک

دہشتگردوں کی جانب سے فلپائنی فوج اور پولیس پر حملے میں 3 فوجی، ایک پولیس اہلکار اور5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

فلپائن کے سیاحتی علاقے بوہول میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے ذیلی گروہ ابو سیاف گروپ  کے دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پرحملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فلپائنی سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار اور5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ ابو سیاف گروپ کے دہشتگردوں نے دہشتگردانہ کارروائی کے لئے تیز رفتار کشتیوں کا استعمال کیا اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا۔

فلپائن میں ابو سیاف گروپ کے شدت پسند اغوا برائے تاوان اور دہشتگردی کی وارداتوں کے حوالے سے مشہور ہے ۔

فلپائن کا سیاحتی علاقہ بوہول قدرتی آبشاروں، دریاؤں اور ساحلوں کی بدولت ملکی اورغیرملکی سیاحوں میں مقبول ہے جب کہ جھڑپ کے وقت مقامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد  بھی اس علاقے میں موجود تھی۔

واضح رہے کہ امریکا اور آسٹریلیا کے سفارت خانوں کی جانب سے اپنے شہریوں کو رواں ہفتے میں بوہول اور سیبو میں دہشت گرد گروہوں کی جانب سے ممکنہ طور پر اغوا کے واقعات سے خبردار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ابوسیاف گروپ ملائیشیا کے قریب جولو کے علاقوں میں بھی سرگرم ہے اور رواں سال جرمن سیاح اور گزشتہ سال تین کینیڈین سیاحوں کو اغوا کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

 

ٹیگس