پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کی افغان صدرسے ملاقات
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کابل میں افغان صدرسے ملاقات کی اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کی۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور ان کے ھمراہ وفد نے کابل میں صدارتی محل میں افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے میں قیام امن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریبا پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں افغان صدر نے تمام معاملات کے حل کیلئے قابل عمل لائحہ عمل بنانے کی تجویز دی۔ اس موقع پرپاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکرسردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ الزام تراشی سے گریز کرنے اور بہتر مستقبل کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل کل کابل میں پاکستان اور افغانستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں کے مابین ملاقات ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکرسردارایاز صادق کی قیادت میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے ارکان پر مشتمل ایک اعلی سطحی سیاسی اور پارلیمانی وفد افغانستان کے دورے پر ہے۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جب دونوں ملکوں کے تعلقات سردمہری کا شکار ہیں اور دونوں ممالک دہشتگردوں کی جانب سے ایک دوسرے کی سرزمین استعمال کرنے کے دعوے کر رہے ہیں۔