جرمنی، افغانستان میں فوجی نہیں بھیجے گا
جرمن چانسلر انگلا مرکل نے افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اب افغانستان میں مزید فوجی نہیں بھیجے جائیں گے ۔
روئٹرز کے مطابق برلن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن چانسلر انگلا مرکل نے افغانستان میں جرمنی کے مزید فوجی بھیجنے کے تاثر کی تردید کردی اور کہا کہ افغانستان میں موجود جرمن فوجیوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تاہم جرمنی شمالی افغانستان میں نیٹو ملٹری ٹریننگ مشن میں تو شامل رہے گا۔
برلن حکومت اس حوالے سے نیٹو کی تجزیاتی رپورٹ اور درخواست کا انتظار کرے گی اور یہ کہ جرمنی جنگی مشن میں حصہ لینے کے لیے پہلا ملک نہیں بنے گا۔
دوسری جانب نیٹو سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں نیٹو فوجیوں کی موجودگی کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آئندہ چند ہفتوں میں کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بڑی تعداد میں امریکی اور نیٹو فورسز کی افغانستان میں موجودگی کے باوجود کئی سال سے نہ فقط امن و امان کا مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ سکیورٹی کی صورتحال دن بدن بدتر ہوتی جا رہی ہے ۔