Jun ۰۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • فلپائن، مسلح حملہ آور کی فائرنگ، 34 افراد ہلاک

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ڈکیتی کی ناکام کوشش کے دوران ڈکیت سمت 35 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے ایک کسینو میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ اور گیمنگ ٹیبلز کو آگ لگانے کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں حملے کو ڈکیتی کی ناکام کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

فلپائن کے مقامی نیوز چینل اے این سی کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد حملہ آور کی جانب سے کسینو میں لگائی گئی آگ اور دھویں سے دم گھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

حملے کے وقت کمپلیکس میں موجود افراد اور عملے نے باہر نکلنے کی کوشش کی تاہم کئی افراد بھگڈر کی وجہ سے باہر نہ نکل پائے اور وہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔

ریزورٹ مالکان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ تاحال واقعے کی تفصیلات اکھٹی کرنے میں مصروف ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رات گئے پیش آیا جبکہ مشتبہ حملہ آور کی لاش ہوٹل کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی۔

نیشنل پولیس چیف رونلڈ ڈیلا روزا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ حملہ آور نے ہوٹل کے کمرہ نمبر 510 میں خود کشی کرلی۔

ٹیگس