روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیاں
یورپی یونین نےعائد پابندیوں کا خاتمہ منسک امن معاہدے پر عمل درآمد سے مشروط کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین نے روس پرعائد اقتصادی پابندیوں میں باضابطہ طور پر 31 جنوری 2018 تک توسیع کرتے ہوئےپابندیوں کے خاتمے کو منسک امن معاہدے پرعمل درآمد سے مشروط کیا ہے۔ یہ معاہدہ یوکرین میں قیام امن کے لیے 2015 میں فرانس، جرمنی، یوکرین اور روس کے درمیان طے پایا تھا۔
یورپی یونین کی جانب سے روس کی توانائی، دفاع اور مالیاتی اداروں کے ساتھ لین دین پر عائد پابندیوں کی مدت میں توسیع کے واضح امکانات تھے، یہ پابندیاں جولائی 2014 میں روس پر یوکرین کے علاقے کریمیا سے الحاق اور یوکرین کے داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کرکے لگائی گئی تھیں جب کہ روس اس الزام سے انکار کرتا ہے۔
برسلز میں گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے روس پر عائد پابندیوں میں توسیع کی منظوری دی تھی۔ اجلاس میں فرانس اور جرمنی نے موقف اپنایا تھا کہ 2014 سے مشرقی یوکرین میں جاری تنازع کے حل میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی لہٰذا روس پر پابندیاں برقرار رکھی جائیں۔