Jul ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی مخالفت

روس اور چین نے شمالی کوریا کے مسئلے میں فوجی راہ حل کی شدید مخالفت کی ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ان کا ملک شمالی کوریا کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا مخالف ہے۔
انھوں نے جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کی بھی مخالفت کی اور امریکہ کے اس اقدام کو روکے جانے کا مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے نے کہا کہ جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں دنیا کو ایک بڑے المیے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے نے بھی تاکید کے ساتھ کہا ہےکہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب اور شمالی کوریا کے خلاف ممکنہ فوجی طاقت کے استعمال سے باز آجائے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے بارہا اعلان کیا ہے کہ اس کے خلاف جب تک امریکی پابندیوں اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے اس کے جوہری پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
پیونگ یانگ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے جزیرہ نمائے کوریا کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا ہے۔

ٹیگس