Jul ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • روس کی امریکہ کے خلاف جوابی سفارتی اقدامات کی دھمکی

روس نے امریکہ میں سفارتی اموال ضبط کیے جانے کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو، واشنگٹن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی تھامس شینن سے ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ اگر امریکہ نے روسی سفارتی اداروں کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالیں تو روس بھی جوابی اقدامات پر مجبور ہو جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماسکو، امریکہ کے ساتھ اسٹریٹیجک استحکام کے حوالے سے منظم مذاکرات کا خواہاں ہے جس کا سلسلہ سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور سے معطل ہے۔
امریکی حکام نے دسمبر دو ہزار سولہ میں امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کا دعوی کرتے ہوئے نیویارک اور میری لینڈ میں روس کی نمائندہ سفارتی عمارتوں کو ضبط اور روس کے پینتیس سفارتکاروں کو ملک سے نکال دیا تھا۔
بعض رپورٹوں کے مطابق وہائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ روس کی زمین و جائداد کو بلاعوض واپس نہیں کیا جائے گا۔
روس نے بھی جوابی دھمکی دی ہے کہ سفارتکاری کے دائرے میں ماسکو میں بہت سے امریکی جاسوس سرگرم عمل ہیں کہ جن میں سے بعض سفارت کاروں کو جوابی اقدام کے تحت روس ترک کرنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔

ٹیگس