ایران میں بند امریکی جاسوسوں کی رہائی کا مطالبہ
امریکی ایوان نمائندگان نے اپنے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران میں گرفتار ہونے والے امریکی جاسوسوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امریکی جاسوسوں کے معاملے کو فوقیت اور ان کی رہائی کے لیے عملی اقدامات انجام دیں۔
وائٹ ہاوس نے بھی جمعے کے روز کہا تھا کہ امریکی جاسوسوں کو رہا نہ کرنے کی صورت میں اسلامی جمہوریہ ایران کو نئے اقدامات اور سنگین تنائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی وزرات خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں امریکی دھمکیوں کو وائٹ ہاوس کی مداخلت پسندانہ اور تسلط پسندانہ سوچ کا آئینہ دار قرار دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام اور اداروں کی جانب سے جاری ہونے والے دھمکی آمیز اور مداخلت پسندانہ بیانات کا ایران کے عدالتی نظام پر کوئی اثرپڑنے والا نہیں ہے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سلوک کی جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں کئی امریکی شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں عدالت کی جانب سے قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔