صیہونی بستیوں کی تعمیر کے حامیوں کا نام ظاہرکرنے کی مخالفت
صیہونی حکومت اور امریکہ نے غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر میں مدد کرنے والی کمپنیوں کا نام منظرعام پر لانے کے اقوام متحدہ کے اقدام کی مخالف کی ہے
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشنر رعد بن زید الحسین، دوہزارسترہ ختم ہونے سے پہلے ہی غرب اردن، بیت المقدس اور جولان کی پہاڑیوں پرصیہونی کالونیوں کی تعمیر کی حمایت و مدد کرنے والی انٹرنیشنل کمپنیوں کی فہرست جاری کرنا چاہتے ہیں-
اقوام متحدہ میں صیہونی حکومت کے نمائندے ڈینی ڈینن نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رعد بن زید الحسین اسرائیل کے بائیکاٹ کی تحریک کے ایک سرگرم رکن بن چکے ہیں- امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے پیر کو اپنی ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ فلسطین کی مقبوضہ سرزمینوں میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر میں مدد کرنے والوں میں بعض بڑی امریکی کمپنیوں کے نام بھی موجود ہیں اور اسی بنا پر امریکہ اور صیہونی حکومت اس فہرست کے منظرعام پر آنے کے خلاف ہیں- صیہونی حکومت کے نمائندے نے اقوام متحدہ سے اس فہرست کو منظر عام پر لانے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے روکنے کی اپیل کی ہے-