جوہری معاہدہ ایک بین الاقوامی سمجھوتہ ہے
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے ایک بار پھرکہا ہے کہ ایران جوہری معاہدہ ایک بین الاقوامی سمجھوتہ ہے اوراس کا تعلق عالمی سلامتی سے ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نیکی ہیلی کے حالیہ بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان جوہری معاہدہ ہماری خارجہ پالیسی کے تحت ہے اور یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے.
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ یہ معاہدہ اسلامی جمہوریہ ایران اور تمام بین الاقوامی برادری کے درمیان باہمی وعدہ ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی حمایت کے ساتھ ساتھ عالمی جوہری توانائی کے ادارے نے بھی اس کی تصدیق کی ہے.
انہوں نے کہا کہ آج دوسال کے بعد عالمی جوہری توانائی ادارے اور مشترکہ کمیشن نے ایٹمی معاہدے کی تعمیل کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نیکی ہیلی نے گزشتہ ہفتہ ویانا کے دورے کے موقع پر عالمی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ یوکیا امانوکے ساتھ ملاقات میں ان سے ایران کے فوجی مقامات کے دورے کا مطالبہ کیا.