جاپان، اسمبلی تحلیل قبل از وقت انتخابات کا اعلان
جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے نے چند روز قبل وقت سے پہلے انتخابات کرانے کا کہا تھا جس پرآج عملدرآمد کردیا گیا ہے۔
شینزو ایبے نے قبل از وقت انتخابات کے لیے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو تحلیل کردیا ہے اورعام انتخابات 22 اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے۔
جاپانی وزیراعظم نے کمزور حزب اختلاف اور رائے عامہ کے جائزوں کو دیکھتے ہوئے نیا مینڈیٹ لینے کے لیے قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ کیا۔
شنزو ایبے کی جماعت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی پرامید ہے کہ اسے آئندہ عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل ہوگی تاہم اسے ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکی کی جماعت کنزرویٹو پارٹی آف ہوپ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھنے والے شینزو ایبے 2012 میں اقتدار میں آئے تھے۔