Nov ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • سعودی ولیعہد کے اقدامات پر امریکی حمایت کا اعلان

امریکی وزیر خزانہ نے کرپشن کے بہانے سعودی شہزادوں کی گرفتاری سے متعلق اس ملک کے ولیعہد کے اقدامات پر واشنگٹن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوشن نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولیعہد نے اپنے ملک میں تبدیلیاں لانے کے لئے ایک بڑا کام انجام دیا ہے۔
سعودی حکومت نے چار نومبر کو ایک کمیٹی قائم کر کے کرپشن اور مالی بدعنوانی کے الزامات میں گیارہ شہزادوں اور تیس موجودہ و سابق وزرا کو گرفتار کر لیا۔
کمیٹی قائم ہونے کے تھوڑی ہی دیر میں اس کمیٹی کے چیئرمین محمد بن سلمان نے سعودی شہزادوں کو گرفتار کئے جانے کی ہدایات جاری کر دیں۔
گرفتار کئے جانے والے شہزادوں میں سعودی عرب کے سب سے امیر ولید بن طلال بن عبدالعزیز، شاہی عدالت کے سابق سربراہ خالد تویجری، مشرق وسطی سے متعلق تشہیراتی مرکز کے سربراہ ولید ابراہیم اور سابق وزیر صحت اور جدہ کے سابق میئر عادل فقیہ کے نام شامل ہیں۔ان افراد پر مالی بدعنوانی، رشوت ستانی اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات عائد ہیں۔
بعض مبصرین، سعودی حکومت کے اس اقدام کو اقتدار کی باگ ڈور محمد بن سلمان کو منتقل کرنے کے لئے سلمان بن عبدالعزیز کی کوشش سے تعبیر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ جون دو ہزار سترہ میں سعودی عرب میں جب سے محمد بن سلمان ولیعہد بنے میں انھوں نے امریکہ و اسرائیل کے مفاد میں بہت کام کیا ہے۔

ٹیگس