امریکہ اپنے وعدوں پرعمل کرے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ امریکہ ایران جوہری معاہدے پراپنے وعدوں پر عمل کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے سلامتی کونسل کو پیش کی جانے والی اپنی تازہ ترین رپورٹ میں عالمی جوہری معاہدے کو ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کو پُرامن رکھنے کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے امریکہ پر زور دیا ہے کہ اس حوالے سے اپنے وعدوں کی تعمیل کرے.
اس موقع پر انہوں نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ ایٹمی سمجھوتہ اس بات کی ضمانت ہے کہ ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نوعیت پُرامن ہے.
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی معاہدے کی توثیق نہ کرنے کے فیصلے سے اس معاہدے کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے تاہم ہمیں یقین ہے کہ امریکہ جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر قائم رہے گا.
ایران جوہری معاہدے کی حمایت پر چین، روس، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کے مثبت مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے انٹونیو گوٹیریش نے امریکہ پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں پر من و عن عمل کرے.
انہوں نے ایران کے میزائل پروگرام اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں حالیہ سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس بات پر زور دیاہے کہ اس کی عسکری سرگرمیاں بشمول بیلسٹک میزائلوں کے پروگرام کا مقصد جوہری ہتھیاروں کا فروغ نہیں ہے.