Jan ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران کے حالیہ واقعات کے بارے میں جعلی ویڈیوز دکھائے جانے کا اعتراف

فرانس کے ایک ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ ایران کے حالیہ واقعات کے بارے میں سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی بعض ویڈیو تصاویر، جعلی اور دیگر ملکوں میں ہونے والے مظاہروں سے متعلق رہی ہیں۔

فرانسیسی ٹی وی چینل نے اس سلسلے میں خبردار کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ ایسی ویڈیو تصاویر بھی دیکھی گئیں جن کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ایران میں تشدد کے حالیہ واقعات سے متعلق ہیں جبکہ ایسا نہیں تھا۔ فرانسیسی ٹی وی کے اینکر نے اس سلسلے میں دو واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران سے جوڑے جانے والے ایک واقعے کو ارجنٹائن سے اور دوسرے واقعے کو بحرین میں ہونے والے دو ہزار گیارہ کے مظاہرے سے متعلق قرار دیا۔ واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل ایران کے کچھ شہروں میں بعض لوگوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اقتصادی صورت حال کے خلاف احتجاج کیا تھا جس کے دوران بعض موقع پرست عناصر نے احتجاج کا رخ تشدد و بحران کی طرف موڑنے کی کوشش کی اور پھر بعض مغربی و عرب ملکوں کی جانب سے خاص طور سے سوشل میڈیا پر اس مسئلے کو اچھالنے کی بھرپور کوشش کی جانے لگی جس کے تحت جھوٹی اور من گھڑت تصاویر بھی ایران کے حالیہ واقعات سے جوڑ دی گئیں۔ جس کے بعد ایرانی عوام نے گذشتہ چند دنوں کے دوران مختلف شہروں میں وسیع پیمانے پر ریلیاں نکال کر تشدد و ہنگاموں کی شدید مذمت کی اور ایران کے اسلامی نظام سے ایک بار پھر اپنی مکمل وفاداری کا اعلان کیا۔

ٹیگس