ٹرمپ کا ذہنی ٹیسٹ ہوگا
امریکی صدر ٹرمپ کی ذہنی صحت کا ٹیسٹ ہوگا۔
امریکی روزنامے ڈیلی ٹیلیگراف کے مطابق صدر ٹرمپ کی ذہنی صحت کا ٹیسٹ آئندہ جمعے کو واشنگٹن ڈی سی کے فوجی طبی مرکز والٹر ریڈ میں ہوگا۔ اس ٹیسٹ میں ماہرین نفسیات اور دماغی امراض کے ماہر اس بات کا پتہ لگائیں گے کہ ٹرمپ ذہنی طور پر صحت مند ہیں یا انہیں کوئی دماغی بیماری ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق ان کی ذہنی صحت کے ٹیسٹ کے نتیجے سے امریکی عوام کو بھی مطلع کیا جائے گا۔یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں پہنچنے کے بعد سے ہی ان کی ذہنی صحت کے تعلق سے سوال اٹھنا شروع ہوگئے تھے لیکن حالیہ دنوں میں ان کی ذہنی صحت و سلامتی کے بارے میں زیادہ شدت کے ساتھ شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ خاص طور پر ٹرمپ کے بارے میں مائیکل وولف کی کتاب فائر اینڈ فری کے بازار میں آنے کے بعد ان کی ذہنی صحت کے تعلق سے بحث زیادہ شدت اختیار کرگئی ہے ۔ ذہنی صحت کے بارے میں شکوک و شبہات کے اظہار میں شدت آنے کے بعد ٹرمپ اس ٹیسٹ کے لئے تیار ہوگئے ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ مائیکل وولف نے اپنی کتاب فائر اینڈ فری میں ٹرمپ کی صدارت کے ایک سال کا جائزہ لیا ہے اور لکھا ہےکہ ٹرمپ ذہنی طور نارمل نہیں ہیں حتی وہ اپنے پرانے دوستوں کو بھی نہیں پہچان پاتے اور وہ باتیں بھی بھول جاتے ہیں جو کثرت سے دوہرائی جاتی ہیں ۔