Feb ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۷ Asia/Tehran
  • امریکا کے ایٹم بم اٹلی کی سلامتی کے لئے خطرناک

اطالوی رکن پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ اٹلی میں امریکا اور نیٹو کے بعض فوجی اڈوں میں ستر ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں اور یہ اٹلی کی سلامتی کے لئے بہت ہی خطرناک بات ہے۔

اٹلی کے رکن پارلیمنٹ لوکا فروزن نے کہا ہے کہ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اطالوی حکومت نے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں اور اطالوی عوام نے بھی گذشتہ ریفرنڈم میں اپنے ملک میں ایٹمی ہتھیاروں کی تعیناتی  کی مخالفت کا اعلان کیا تھا-

اطالوی نظریہ پرداز آلبرٹو نگری نے بھی امریکا کو اٹلی میں ایٹمی بدامنی اور خطرے کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اٹلی میں نیٹو اور امریکا کے فوجی اڈوں میں دسیوں ایٹم بم موجود ہیں جنھیں اطالوی حکومت کنٹرول نہیں کر رہی ہے اور ان پر صرف امریکا کی ہی نگرانی ہے-

اطالوی نظریہ پرداز کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ نہ صرف اٹلی کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے بلکہ اس سے اٹلی کی خود مختاری پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے-

امریکا کے تحقیقاتی اداروں نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ امریکا نے جو ایٹم بم یورپ میں نصب کر رکھے ہیں ان سے براعظم یورپ کے محفوظ ہونے کے بجائے اس کو سنگین خطرہ لاحق ہو گیا ہے-

 

ٹیگس