امریکہ میں یوٹیوب کے ہیڈکوارٹر میں فائرنگ 1 ہلاک 4 زخمی
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ’یوٹیوب‘ کے ہیڈکوارٹر میں خاتون ملازمہ نے فائرنگ کرکے اپنے 4 ساتھی ملازمین کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یوٹیوب ہیڈ کوارٹر میں 36 سالہ خاتون ملازمہ نے نامعلوم وجوہات کے باعث پہلے دفتر میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو خاتون اور دو مرد ساتھی ملازمین زخمی ہوگئے اور بعد ازاں خاتون نے خود کو بھی گولی مار لی اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
فائرنگ کے آواز سنتے ہی معروف ویب سایٹ ’یوٹیوب‘ کے ہیڈکوارٹر میں بھگدڑ مچ گئی اور سیکیورٹی الارم بجنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے عمارت کا گھیراؤ کر لیا اور ملازمین کو باحفاظت نکالنے کی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
امریکہ میں فائرنگ کے واقعات کے اندراج کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو جاتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں عام لوگوں کے پاس دو سو ستر ملین سے تین سو ملین کی تعداد میں ہتھیار موجود ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں آئے روز فائرنگ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں یہاں تک کہ اب تو عوام گھومنے پھرنے سے بھی کتراتے نظر آتے ہیں اس ڈر سے کہ کہیں کسی حملے میں وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو نہ بیٹھیں۔