چین، روس اور یورپی یونین جوہری معاہدے پر قائم و دائم
یورپی یونین نے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کو تحفظ فراہم کریں گے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے یورپی یونین کے انسٹی ٹیوٹ آف سیکورٹی سٹڈیز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ، ایران جوہری معاہدے کو بچانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا.
اس موقع پر انہوں نے برسلز میں ایرانی وزیر خارجہ سمیت برطانوی، فرانسیسی اور جرمن وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین اور روس کے ساتھ مل کر ایران جوہری معاہدے تک پہنچے ہیں لہذا ہم سب مل کر اسے بچائیں گے.
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایک بار پھر ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے اور من گھڑت الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کیا تھا.
ٹرمپ نے ایران کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ پابندیاں لگانے کے حکم نامے پر دستخط کئے.
ٹرمپ کی علیحدگی کے ردعمل میں یورپی ممالک نے کہا کہ وہ ایران جوہری معاہدے پر قائم رہیں گے.
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج سے یہ معاہدہ ایران اور اس پر دستخط کرنے والے 5 فریقین کے درمیان رہے گا.