May ۳۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۱ Asia/Tehran
  • کریم اہل بیت، حضرت امام حسن (ع) کا جشن ولادت باسعادت

کریم اہل بیت، سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت پر پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن کا سماں ہے۔

حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام پندرہ رمضان المبارک سن تین ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔

آپ حضرت علی اور جناب فاطمہ علیھماالسلام کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے۔

حضرت امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے بعد حضرت علی اور جناب فاطمہ علیھماالسلام نے اپنے نو مولود بچے کو رسول اسلام (ص) کی آغوش میں دیا اور ان سے بچے کا نام رکھنے کی درخواست کی-

سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا-

حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کو یہ شرف حاصل تھا کہ وہ نو سال تک اپنے نانا رسول خدا کی آغوش تربیت میں پروان چڑھے اور اس کے بعد تیس سال تک اپنے پدر بزرگوار حضرت علی علیہ السلام کے سایہ عاطفت میں رہے-

سبط اکبر امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے کل رات سے ہی ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محافل مقاصدہ اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا-

اس پرمسرت موقع پر ملک کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد اور مذہبی مقامات پر محافل مقاصدہ اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور لوگوں نے اس موقع پر افطار کے وقت اور اس کے بعد میٹھائیاں تقسیم کیں-

پندرہ رمضان المبارک کی مناسبت سے خاص طور پر جگہ جگہ افطار کے لئے اسٹال لگائے گئے تھے جبکہ ماہ رمضان کے باقی ایام میں بھی لوگوں کے افطار کے لئے جگہ جگہ اسٹال لگے ہوئے ہیں۔

حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے جش ولادت کے مرکزی پروگرام مشہد المقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں روزہ دار مومنین اور عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت محفلوں میں شریک ہیں-

عراق کے سبھی مقدس شہروں اور پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ آسمان امامت و ولایت کے دوسرے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جگہ جگہ خصوصی تقریبات اور محلفوں کا انعقاد کیا جار رہا ہے۔

*سحرعالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے*

 

ٹیگس