امریکہ پر مفت سواری کا دور ختم ہو گیا، ڈونلڈ ٹرمپ
Jun ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ پر امریکہ کو استعمال کرنے اور اس کی دولت کو لوٹنے کا الزام عائد کیا ہے۔
شمالی ریاست ڈیکوٹا میں بیان دیتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ سن دو ہزار سترہ کے دوران یورپ کے ساتھ تجارت میں امریکہ کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکی صدر نے یورپی ملکوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ آزادنہ تجارت نہیں بلکہ احمقانہ تجارت ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق امریکی صدور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ امریکی عوام کے مفادات اور ملکی معیشت کو بچانے میں ناکام رہے، یہی وجہ ہے کہ تجارتی جنگ میں اصل ناکامی اور نقصان امریکہ کو اٹھانا پڑا ہے۔
انہوں نے کینیڈا پر بھی الزام لگایا کہ وہ بھی یورپ کی مانند امریکہ سے ناجائز فائدہ اٹھاتا رہا ہے تاہم وہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ مفت سواری اور ناجائز فائدہ اٹھانے کا دور ختم ہو گیا ہے۔