پاکستان پر امریکہ کا شدید دباؤ
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک پاکستان پر دہشت گردوں کا پناہ نہ دینے پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ہندوستانی تھنک ٹینک آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکا سے تعاون کر رہا ہے لیکن واشنگٹن دہشت گردوں کو پناہ دینے والے کسی ملک کو قبول نہیں کرسکتا۔
نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان پر ماضی سے بھی زیادہ دباؤ ڈال رہے ہیں اور ہمیں ان سے تبدیلیوں کی امید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان پالیسی میں کامیابی کے لیے پاکستان کا تعاون کلیدی کردار ادا کرے گا، ملک پر واشنگٹن اور افغان حکومت کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ افغان حکومت نے افغانستان میں حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان میں پناہ دینے کا الزام لگایا تھا جس کی اسلام آباد کی جانب سے تردید کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نکی ہیلی 2017 میں اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر بننے کے بعد ہندوستان کے پہلے دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران نکی ہیلی نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات بھی کی۔ نکی ہیلی نے اس سے قبل 2014 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا جب وہ جنوبی کیرولینا ریاست کی گورنر کے عہدے پر فائز تھیں۔