جنوبی کوریا میں اولچی فوجی مشقیں منسوخ
جنوبی کوریا کی کابینہ نے اپنے ایک بیان میں اولچی نامی سالانہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شمالی کوریا کے حکام کی جانب سے اس انتباہ کے بعد کہ جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں سے جزیرہ نمائے کوریا میں پائیدار امن کی برقراری کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، جنوبی کوریا کی کابینہ نے اپنے بیان میں اولچی نامی سالانہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا-
جنوبی کوریا کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ فوجی مشقیں علاقے میں سیکورٹی سے متعلق رونما ہونے والی مثبت تبدیلیوں کے پیش نظر منسوخ کی جا رہی ہیں- ایسا پہلی بار ہے جب جنوبی کوریا نے اپنی فوجی مشقوں کو پوری طرح منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے پہلے جنوبی کوریا وقتی طور پر اپنی فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا اعلان کرتا تھا- جنوبی کوریا اولچی نامی فوجی مشقیں انیس سو انہتر سے انجام دے رہا ہے اور یہ مشقیں ہر سال آخری سہ ماہی کے کسی ایک مہینے میں ہوتی رہی ہیں-
اس سے پہلے شمالی کوریا کی حکومت کے ترجمان اخبار روڈنگ سینمون نے لکھا تھا کہ پیونگ یانگ نے جنوبی کوریا کے حکام کو خبردار کیا تھا کہ جزیرہ نمائے کوریا کے سمندری علاقوں میں جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کے سلسلے سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کو دھچکا لگے گا-