Jul ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • شام میں ایران کی موجودگی حکومت شام کی درخواست پر

روس نے کہا ہے کہ شام میں ایران کی موجودگی دمشق حکومت کی درخواست پر ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات روسی سفیر لئوان جگریان نے روسی اخبار کومرسنت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں ایران کی موجودگی کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاونت فراہم کرنا ہے اور یہ عمل دمشق حکومت کی باضابطہ درخواست کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی اہلکاروں کی طرح شام میں ایرانیوں کی موجودگی بھی قانون کے مطابق ہے جس پر دمشق حکومت کی رضامندی ہے۔

روسی سفیر نے شام سے نکلنے کے حوالے سے ایران پر روس کے ممکنہ دباؤ سے متعلق کہا کہ ایران کی شام میں موجودگی قانون کے مطابق ہے اور وہ روس کی طرح انسداد دہشت گردی کے عمل میں شریک ہے۔

لئوان جگریان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایسا ملک نہیں جس پر دباؤ ڈالا جاسکے، وہ آزاد اور خود مختار ہے جو ایک آزاد خارجہ پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانیوں کے ساتھ کام اور تعاون کیا جاسکتا ہے مگر ان پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا اور ہم ایسے رویے کو غیرتعمیری سمجھتے ہیں۔

روسی سفیر نے ایران مخالف امریکہ کی حالیہ پابندیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ روس یورپی یونین کے ساتھ ایران سے تجارت کو بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے اور ہم اس مقصد کے لئے امریکی اقدامات کی مخالفت کریں گے۔

انہوں نے ایران کو روس اور شام کا اہم اور کلیدی پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران، جوہری معاہدے پر مکمل عمل کر رہا ہے اور روس بھی اس حوالے سے اپنے وعدوں پر قائم ہے۔

 

ٹیگس