Jul ۲۸, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • امریکہ اورطالبان کے مذاکرات،افغان حکومت کی مخالفت

جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز نے طالبان کے نمائندوں سے دوحہ میں ملاقات کی ہے۔

امریکا کے مشہور جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ رواں ہفتے جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات ہوئی ہے جس کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آسکیں۔

ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے طالبان کی اعلیٰ  قیادت ’کوئٹہ شوریٰ‘ کے ایک رکن نے بتایا کہ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور مستقبل قریب میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

قبل ازیں امریکا اور افغانستان میں برسرپیکار طالبان کے درمیان ملاقاتوں کی خبریں بین الاقوامی میڈیا میں آتی رہی ہیں تاہم فریقین کی جانب سے ان خفیہ ملاقاتوں کی تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی تھی۔ تاہم افغان حکومت نے امریکہ اور طالبان کے مابین افغان حکومت کے بغیر مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہر اس عمل کہ جس سے افغان حکومت کو دور رکھا جائے اس سے مخالفت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001ء میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں کے بعد امریکا نے افغانستان پر چڑھائی کرتے ہوئے طالبان حکومت کا خاتمہ کر دیا تھا تاہم افغانستان میں بدستور نیٹو افواج اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں اور گوریلا کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 

ٹیگس