پاک و ہند کے مابین مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i334090-پاک_و_ہند_کے_مابین_مذاکرات_کسی_نتیجے_کے_بغیر_ختم
پاکستان اورہندوستان کے مابین آبی تنازعات پر ہونے والے دو روزہ مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۳۱, ۲۰۱۸ ۰۳:۰۷ Asia/Tehran
  • پاک و ہند کے مابین مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم

پاکستان اورہندوستان کے مابین آبی تنازعات پر ہونے والے دو روزہ مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان اورہندوستان کے مابین آبی تنازع پر انڈس واٹر کمشنرز کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات کا دوسرا دور نیسپاک ہیڈکوارٹر لاہور میں ہوا۔

ہندوستان نے پاکستانی اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے پانی کو ذخیرہ کرنے میں ناکام رہا ہے، اور اس نے تربیلا اور منگلا کے بعد کوئی بھی بڑا ڈیم نہیں بنایا جس کی وجہ سے پانی کی بڑی مقدار سمندر برد ہو جاتی ہے۔ ہندوستانی وفد نے کہا کہ بھارت میں بھی موسمی تبدیلیوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد کی شدید کمی ہے۔

مذاکرات کے پہلے دور میں پاکستانی حکام نے دریائے چناب پر ہندوستان کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے پکل ڈل اور لوئر کلنائی پن بجلی  کے منصوبوں پر اعتراض اٹھایا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ پکل ڈل پن بجلی گھر کی جھیل بھرنے اور وہاں سے پانی چھوڑنے کا پیٹرن بھی واضح کیا جائے۔

واضح رہے کہ پاک و ہند آبی تنازع پر انڈس واٹر کمشنرز کے مابین وفود کی سطح پر دو روزہ مذاکرات پاکستان انڈس واٹر کمشنر مہرعلی شاہ نے جب کہ ہندوستانی وفد کی قیادت پی کے سکسینا نے کی۔