Sep ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کی جانب سے جوہری معاہدے کی حمایت

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یورپ، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کا دفاع کرتا رہے گا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے گزشتہ روز یورپی پارلیمنٹ کی جنرل اسمبلی سے یورپ امریکہ تعلقات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان بعض مسائل پر شدید اختلافات ہیں، یورپ دنیا میں چند فریقی کوششوں اور معاہدوں کی حمایت اور انھیں برقرار رکھنے کا خواہاں ہے.

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ ہم ایران جوہری معاہدے کی حمایت کے ساتھ ساتھ پیرس کے ماحولیاتی معاہدے اور فلسطینی پناہ گزینوں کی بحالی کے لئے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کی مالی امداد جاری رکھنے کے خواہاں بھی ہیں.

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کشیدگی اور محاذ آرائی کو روکنے کے لئے چند فریقی سفارتکاری اور مشاورت انتہائی تعمیری اور موثرعمل ہے.

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایران جوہری معاہدے اور پیرس معاہدے سے علیحدگی کے علاوہ امریکہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بحالی کے لئے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کی مالی امداد مکمل طور پر ختم کر دی ہے.

 

ٹیگس