ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیں گے، ترجمان روسی وزارت خارجہ
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ماسکو تہران تعلقات کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کےساتھ تعلقات کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔
نیوز ایجنسی ارنا کے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی عائد کردہ پابندیاں عالمی قوانین اور بین الاقوامی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ملکوں کے خلاف امریکی پابندیوں کے حوالے سے روس کا موقف پوری طرح سے واضح ہے اور ان پابندیوں کو غیر قانونی سمجھتے ہیں اور ان پر عملدرآمد نہیں کریں گے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ماسکو صرف سلامتی کونسل کے فیصلوں کو قابل عمل سمجھتا ہے اور باقی تمام معاملات میں دو طرفہ مفادات کو اہمیت دیتا ہے۔
ماریا زاخارووا نے کہا کہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے اس معاہدے کے دیگر فریقوں کی برسوں کی محنت کو پامال کردیا ہے۔