Feb ۲۱, ۲۰۲۶ ۲۰:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں فرقہ وارانہ جھڑپیں، پولیس فورس تعینات اور متعدد افراد زیر حراست

ہندوستان کے ضلع جبل پور، حیدرآباد اور کرناٹک میں فرقہ وارانہ تصادم کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور پولیس فورس تعینات کردی گئی-

سحرنیوز/ہندوستان   ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے جبل پور ضلع کے سہورا میں دو فرقوں کے درمیان تصادم، پتھراؤ اورتوڑ پھوڑ کے بعد کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے ابھی تک انچاس افراد کو اس معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق سہورا کے آزاد چوک میں ایک مندر اور مسجد ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔ جبل پور میں عینی شاہدین نے بتایا کہ مندر کی حفاظتی گرل کو نقصان پہنچانے پر جھگڑا شروع ہو گیا، جس کے بعد دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کردیا اور وہاں دکانوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے شروع میں ہلکی طاقت کا استعمال کیا لیکن بعد میں ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے۔  

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

اسی طرح کرناٹک کے باگل کوٹ میں شیو جینتی کا جلوس مسجد کے سامنے سے گزرنے کے درمیان پتھراؤ اور تصادم کی خبریں ہیں۔ پولیس نے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے علاقہ میں حکم امتناعی نافذ کردیا ہے۔ ادھر حیدر آباد کے عنبر پیٹ میں بھی مسجد میں تراویح کے وقت دوفرقوں میں تصادم کی خبریں ہیں۔ اطلاع کے مطابق یہاں سے شیوجینتی کا جلوس گزرہا تھا جو عنبرپیٹ کی مسجد کے پاس کافی دیر رکا رہا۔ الزام ہے کہ یہاں اشتعال انگیز گیت بجایا گیا اور دل آزار نعرے لگائے۔ حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر بھیڑ کو منتشر کیا۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

 

ٹیگس