دہشتگرد گروہ النصرہ کا مرکزی کمانڈر ہلاک
فرانسیسی فوج کے ایک حملے میں شدت پسند جماعت جماعتہ النصرہ کا مرکزی ڈپٹی کمانڈر مادو الکووفہ مارا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی میں حکومت کے خلاف برسرپیکار دہشتگرد مسلح گروہ جماعتہ النصرہ کا مرکزی نائب صدر امادو کووفہ فرانسیسی فوج کے وسطی مالی کے علاقے موپتی میں کمانڈو آپریشن کے دوران جھڑپ میں مارا گیا۔
فرانسیسی فوج کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ مادو الکووفہ وسطی مالی کے علاقے میں فوجی آپریشن کے دوران شدید زخمی ہو گیا تھا جسے اس کے ساتھی اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم دہشتگردوں کا کمانڈر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی ہلاک ہوگیا۔
مالی فوج کے ترجمان کرنل ڈیارران نے النصرہ کے ڈپٹی کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کووفہ فرانسیسی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا۔
جماعت النصرہ مارچ 2017 کو مقامی شدت پسند گروہوں کے اختلاط سے وجود میں آئی تھی جسے القاعدہ کی حمایت بھی حاصل رہی۔ ہلاک ہونے والے ڈپٹی کمانڈر کووفہ ایک معروف مبلغ ہیں اور عیاد ایگ غالی نامی گروہ کے سربراہ تھے، یہ گروہ بعد میں النصرہ میں ضم ہوگیا تھا۔