فرانس کے صدر کا مظاہرین سے مذاکرات کرنے کا اعلان
فرانس کے صدر امانوئل میکرون بالآخر مظاہرین کے مطالبات ماننے پر مجبور ہو گئے اور اس ملک کے وزیر اعظم ایڈوار فلپ سے کہا ہے کہ وہ مظاہرین کے نمائندوں سے مذاکرات کریں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے مظاہرین سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ ایسے میں کیا ہے کہ جب انہوں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ مظاہرین سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ فرانس میں جاری مظاہروں میں شدت آنے کے بعد کل الیزہ محل میں فرانس کے صدر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
واضح رہے کہ فرانس میں ایندھن کی قیمت اور مہنگائی میں اضافے کےخلاف احتجاج پُرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہوگیا۔ مظاہرین نے کئی مقامات پر توڑ پھوڑ، آگ زنی اور گھیراؤ کیا اور درجنوں گاڑیاں اور عمارتیں جلا دیں۔
پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے لاٹھی چارج، شیلنگ کی اور پانی کی توپیں بھی چلا دیں۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 20پولیس اہل کار سمیت سینکڑوں افراد زخمی اور 3 ہلاک ہوئے جبکہ250 سے زائد مظاہرین گرفتارہوئے۔