ٹرمپ فرانس میں مداخلت نہ کریں، لے دریان کا انتباہ
فرانس کے وزیر خارجہ نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فرانس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔
جان لے دریان نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کے صدر اور وزیر خارجہ کی حیثیت سے، امانوئل میکرون اور جان لے دریان کا امریکی صدر ٹرمپ سے یہی کہنا ہے کہ ہم امریکہ کے اندرونی مسائل میں مداخلت نہیں کرتے اس لئے وہ بھی فرانس کے معاملات میں مداخلت نہ کریں اور ہمیں اپنا کام کرنے دیں۔
فرانس میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور میکرون کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف شدید مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ہفتے کے روز ٹوئٹ کیا تھا کہ ماحولیات سے متعلق پیرس معاہدہ فرانس کے کام نہیں آیا اور ملک گیر مظاہرے اور احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ فرانس کے عوام ماحولیات کے تحفظ کے خواہاں نہیں ہیں اور وہ امریکیوں کی طرح، ایک ٹرمپ چاہتے ہیں۔