Dec ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۱ Asia/Tehran
  • برطانوی حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش

برطانوی پارلیمنٹ میں چھوٹی اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کر دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق تحریک عدم اعتماد اسکاٹش نیشنل پارٹی، لب ڈیم، گرین پارٹی اور پلائیڈ کیمرو پارٹی نے پیش کی۔

اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر آئن بلیک فورڈ کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف مشترکہ عدم اعتماد کی تحریک فکسڈ ٹرم پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت پیش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نےوہ کیا ہے جو لیبر لیڈر جیرمی کوربن کرنے سے قاصر رہے، لیبر پارٹی کی پیش کی گئی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد محض دکھاوا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے جنوری میں بریگزٹ ڈیل پر رائے شماری کو مسترد کرتے ہیں، تھریسامے نے ملک کو بدترین بحران سے دوچار کر دیا جب کہ تھریسامے پراعتماد نہیں لہٰذا ایوان زیریں حتمی فیصلہ کرے۔

لیبر پارٹی کے جیرمی کوربن نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بریگزٹ پر رائے شماری کرسمس سے پہلے کروائی جائے۔

واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو بریگزٹ ڈیل پر ساتھی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے تحریکِ عدم اعتماد کا سامنا ہے جب کہ وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ پر رائے شماری 14 جنوری تک موخر کردی تھی۔

 

ٹیگس