یورپی یونین اور عرب لیگ کا مشترکہ اجلاس ناکام
یورپی یونین اور عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا۔
برسلز میں ہونے والے اس اجلاس کا مقصد یورپی یونین اور عرب لیگ کے مشترکہ سربراہی اجلاس کا ایجنڈا تیار کرنا تھا تاہم اس بارے میں فریقین کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو گئے۔
یورپی یونین اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں تین ہفتے سے بھی کم کا وقت باقی بچا ہے۔ یورپی یونین اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں پائے جانے والے اختلافات اس قدر شدید تھے کہ اس کا اثر نمائندہ وفود کے سربراہوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں نمایاں رہا۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی کی بات کاٹتے ہوئے یورپی یونین پر عدم تعاون کا الزام عائد کیا۔ فیڈریکا موگرینی نے اس کے جواب میں کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے۔
جمال خاشقجی قتل اور سعودی ولی عہد کی یورو عرب سربراہ اجلاس میں ممکنہ شرکت کے حوالے سے یورپی یونین اور عرب لیگ کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
جی ٹوئنٹی اجلاس میں بن سلمان کی شرکت کے باعث یورپی ملکوں کو رائے عامہ کے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔