Mar ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے جنگ پسندانہ اقدامات پر امریکی سینیٹروں کا انتباہ

امریکہ کے دو ڈیموکریٹ سینیٹروں نے امریکی صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کے ایران مخالف اور جنگ پسندانہ اقدامات کی روک تھام کے لئے امریکی کانگریس کے فوری اور ٹھوس اقدام کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

سینیٹر ٹام یوڈال اور رجرڈ جوزف نے اپنے ایک مشترکہ مراسلے میں جو اخبار واشنگٹن پوسٹ میں بھی شائع ہوا،  امریکی صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کے ایران مخالف اور جنگ پسندانہ اقدامات کی روک تھام کے لئے امریکی کانگریس کے فوری اور ٹھوس اقدام کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایران کے سلسلے میں امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسی عراق میں امریکہ کی شکست خوردہ حکمت عملی کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جس سے ایران کے خلاف فوجی اقدام کے لئے امریکہ کی ترغیب ہوتی ہے جبکہ ہمیں ماضی کی غلطیوں کو نہیں دوہرانا چاہئے۔

اس مراسلے کے مطابق ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے اعلان کے بعد ٹرمپ نے سخت آمرانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے جبکہ امریکہ اپنی پالیسیوں کی بنا پر عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے۔

امریکہ کے ان دونوں سینیٹروں نے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر ایک ایسے بل کا مسودہ کانگریس میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی بنیاد پر ایران کے خلاف کسی بھی طرح کے غیر قانونی اقدام کے بجٹ کی فراہمی پر پابندی عائد کی جا سکے۔

اس سے قبل ان سینیٹروں نے ستمبر دو ہزار اٹھارہ میں بھی امریکی سینیٹ مں اسی طرح کا ایک بل پیش کیا تھا۔

ایران کے خلاف ٹرمپ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے بیانات و دعوؤں کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ امریکہ کے فوجی حکام نے علاقے میں ایران کی دفاعی و فوجی طاقت و توانائی کا ہمیشہ اعتراف کیا ہے۔

ٹیگس