برازیل:اسکول میں فائرنگ سے7 بچوں سمیت10 افراد ہلاک
برازیل کے ایک اسکول میں 2 سابق طلبا نے فائرنگ کر کے 7بچوں اور ایک شہری کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے ایک اسکول میں 2 نقاب پوش افراد نے دھاوا بول دیا، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 7 بچے ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس کے پہنچتے ہی حملہ آوروں نے خود کو گولی مار کر ہلاک کردیا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں 4 بچوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 17 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ صبح 9 بجے پیش آیا، حملہ آوروں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان تھیں اور وہ اسکول ہی کے سابق طالب علم تھے۔