سری لنکا: دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد ڈیڑھ سو سے تجاوز کرگئی
سری لنکا میں مختلف مقامات پر بم کے دھماکوں میں ڈیڑھ سو افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق دارالحکومت کولمبو اور ملک کے دیگر مختلف علاقوں میں چھے بم دھماکے ہوئے ہیں۔ ان دھماکوں میں پینتس غیر ملکیوں سمیت کم سے کم ایک سوچھپن افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہیں۔
سری لنکن پولیس کے مطابق بموں کے یہ دھماکے کولمبو اور ملک کے دیگر علاقوں کے تین گرجا گھروں اور تین فائیو اسٹار ہوٹلوں میں عیسائیوں کے تہوار ایسٹر کی تقریبات کے موقع پر کئے گئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکا سری لنکن دارالحکومت کولمبو کے سینٹ انتھونی چرچ میں، دوسرا کولمبو کے باہر کے علاقے میں واقع سینٹ سبیس ٹین چرچ اور تیسرا کولمبو کے علاقے بٹی کالاؤ کے گرجا گھر میں ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تین فائیو اسٹار ہوٹلوں، دی شینگریلا، سینامن گرینڈ اور کنگز بری ہوٹل میں بھی ہوئے بموں کے دھماکے ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرجا گھروں میں دھماکے ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے دوران ہوئے۔
آخری اطلاع ملنے تک کسی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔
سری لنکن وزیر اعظم کی جانب سے بم دھماکوں کی مذمت کی گئی ہے۔انہوں نے دھماکوں کو بزدلانہ اقدام قرار دیا۔
سری لنکن وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سری لنکن عوام اس مشکل وقت میں متحد اور مضبوط رہیں، حکومت موجودہ صورتحال کے حل کے لیے فوری اقدامات کررہی ہے۔