یورپی یونین ایران مخالف امریکی اقدامات کی مخالف
یورپی یونین نے ایک بار پھر ایران مخالف اامریکی پالیسیوں کی مخالفت کی ہے۔
جرمن وزیرخارجہ ہایکو ماس نے کہا ہے کہ یورپی یونین ایران مخالف امریکی پالیسیوں کی مخالف ہے اور یورپ سمجھتا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ان اقدامات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ جرمن وزیرخارجہ ہیکو ماس نے جرمنی کے اخبار پاساؤر نویر پرسہ سے اپنے انٹرویو میں ایٹمی معاہدے سے واشنگٹن کی یکطرفہ علیحدگی کو غلط اقدام بتایا اور کہا یورپی یونین لفظی جنگ کو ہوا دینے کے بجائے بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔ اس درمیان جرمنی کی گرین پارٹی کے ترجمان امید نوری پور نے بھی اخبار دی ویلٹ کو دئے گئے اپنے انٹرویو میں جرمن وزارت خارجہ پر تنقید کی ہے کہ اس نے ایران اور پورپ کے درمیان خصوصی مالیاتی نظام انسٹیکس کو آپریشنل کرنے میں تاخیر کردی ہے۔ جرمن وزیرخارجہ ہیکو ماس نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد یورپی سوئیفٹ کے قیام کا اعلان کیا تھا جو ایران کے ساتھ تجارت کے لئے یورپی کمپنیوں کی راہ کو آسان بناسکتا ہے۔ جرمنی، برطانیہ اور فرانس نے گذشتہ برس مئی میں ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ وہ ایٹمی معاہدے میں درج ایران کے اقتصادی فوائد کو پورا کرنے کے لئے تیار ہیں اور ایٹمی معاہدے کو باقی رکھیں گے۔ تاہم یورپی ملکوں نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے۔