Jul ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۶ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کی حفاظت پر موگرینی کی تاکید

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ یورپ کی سیکورٹی کے لئے اہم ہے۔

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے یورپی پارلیمان میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ ہرچیز سے زیادہ یورپ کی سیکورٹی اور دنیا کی سلامتی کے لئے اہم ہے کیونکہ خلیج فارس کے علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام سے یورپ بھی متاثر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وہ لوگ بھی جو ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بارے میں کافی بدظن تھے اس نتیجے پر پہنچ گئے ہیں کہ اس معاہدے کے بغیر حالات پہلے سے بھی زیادہ بدتر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کے بعد سے یورپ نے اس معاہدے کو باقی رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔  فیڈریکا موگرینی نے ایٹمی معاہدے کے دائرے میں اپنے بعض وعدوں پر عمل در آمد کو معطل کردینے کے ایران کے تازہ اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین نے امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ دوطرفہ یا چند جانبہ نہیں ہے بلکہ اس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے توثیق کی ہے اور اس لئے اس کی حفاظت کی ذمہ داری پوری دنیا پر عائد ہوتی ہے۔

 

 

ٹیگس