امریکی جاسوس طیاروں کی وینیزویلا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی
Jul ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
امریکہ کے جاسوس طیاروں نے ایک بار پھر وینیزویلا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔
کراکاس میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی طیاروں نے ایک بار پھر وینیزویلا کی فضائی حدود میں پروازیں کی ہیں اور واشنگٹن مسلسل ہماری فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
پچھلے چند روز کے دوران امریکہ متعدد بار وینیزویلا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر چکا ہے جسے وینیزویلا کی وزارت دفاع نے اپنی سلامتی کے لیے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔
امریکہ اور اس کے بعض اتحادی ملکوں نے تئیس جنوری کو ایک غیر قانونی اقدام کے تحت وینیزویلا کے حکومت مخالف رہنما خوان گوائیدو کو اس ملک کا صدر تسلیم اور عوام کے بھاری ووٹوں سے دوبارہ منتخب ہونے والے صدر نکولس مادورو کی حکومت کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔
امریکہ اس وقت سے اب تک وینیزویلا کی سامراج مخالف حکومت کو گرانے کے لیے سازشوں میں مصروف ہے لیکن اس کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔