کشیدگی کم کرنے والے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، جرمنی
Aug ۲۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
جرمن وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک خلیج فارس میں کشیدگی کم کرنے والے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ ہایکو ماس نے جمعرات کو یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں کشیدگی کم کرنے والا ہر اقدام بہت ہی مفید ہے کیونکہ کوئی بھی ملک جنگ نہیں چاہتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمزکی صورتحال پر توجہ دینا ضروری ہے اور جرمنی اس سلسلے میں یورپی یونین کے درمیان حتی الامکان اتحاد کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کو چاہئے کہ وہ علاقے میں کشیدگی دور کرنے کے لئے تعاون کرے اور جرمنی بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ امریکا نے پچھلے ہفتوں کے دوران علاقے میں کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش کی اور وہ نام نہاد بحری فوجی اتحاد تشکیل دینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔