Oct ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  •   انقرہ کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی حمایت

سوئیڈن کی پارلیمینٹ نے شمالی شام میں ترک فوج کے حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انقرہ کے خلاف یورپی یونین کی اسلحہ جاتی پابندیوں کی حمایت کی ہے۔

رشا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سوئیڈن کی پارلیمینٹ نے ایک بیان جاری کر کے ترکی کے خلاف بریسلز کی اسلحہ جاتی پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس کا یورپی یونین کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔

پروگرام کے مطابق سوئیڈن کی حکومت پیر کو یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اس موضوع کا جائزہ لے گی۔

سوئیڈن کی وزیرخارجہ آن لینڈ نے شمالی شام پر ترکی کی فوجی یلغار کی مذمت کی ہے۔ شمالی شام پر ترکی کا فوجی حملہ گذشتہ بدھ سے شروع ہوا ہے۔

شمالی شام میں ترکی کی فوجی کارروائیاں ترک صدر رجب طیب اردوغان اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد شروع ہوئی ہیں۔

شمالی شام پر ترکی کے فوجی حملوں کی شام ، عالمی برادری اور یورپی ممالک کی جانب سے سخت مخالفت ہو رہی ہے۔

ٹیگس