Nov ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال عالمی خطرہ ہے : سلامتی کونسل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے جمعے کی شام اپنے بیان میں ایک بار پھر کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال، ذخیرے ، توسیع اور پیداوار کی روک تھام کے کنونشن کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے متعلقہ کنونشن کے مطابق انھیں ختم کرنے کی ضرورت پر تاکید کی۔ سلامتی کونسل کے اراکین کے بیان میں عام تباہی پھیلانے والے تمام ہتھیاروں پر پابندی کے کنونشن پر عمل درآمد کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے آیا ہے کہ کیمیاوی ہتھیاروں کا پھیلاؤ اور اس کی منتقلی عالمی امن و صلح کے لئے ایک خطرہ ہے۔
سلامتی کونسل کے اراکین کے اس بیان میں اسی طرح تاکید کی گئی ہے کہ جب تک اس طرح کے ہتھیاروں کا حامل کوئی ایک ملک بھی اس کنونشن کی رکنیت سے باہر رہے گا اس وقت تک کنونشن کے اہداف پر پوری طرح عمل درآمد نہیں ہو سکتا اس بنا پر وہ تمام ممالک جو اب تک اس کنونشن کے رکن نہیں بنے ہیں انھیں بلاتاخیر اس کنونشن میں شامل ہونے کی دعوت دی جاتی ہے۔
سلامتی کونسل نے تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کنونشن کی تمام شقوں پر بروقت اور مکمل عمل کریں اور کیمیاوی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے اور اس کی ایگزیکٹیو سرگرمیوں کی حمایت کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ میں ایٹمی اور عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک مشرق وسطی کے قیام کے موضوع پر کانفرنس اٹھارہ نومبر سے بائیس نومبر تک منعقد ہوئی تاہم امریکہ اور صیہونی حکومت نے اس میں شرکت نہیں کی۔

ٹیگس