امریکا کے ستر شہروں میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے
امریکی شہریوں اور جنگ مخالف گروہوں کے کارکنوں نے استقامتی محاذ کے سپہ سالارجنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اقدام کے خلاف ملک کے ستر شہروں منجملہ واشنگٹن میں احتجاجی اجتماع کیا ہے -
امریکا کے مختلف شہروں میں ہونے والے ان اجتماعات میں شریک لوگوں نے ایران اور عراق کے خلاف امریکا کے جنگی اقدامات کی مخالفت میں نعرے لگائے اور صیہونیوں کے چنگل سے فلسطین کی آزادی کا بھی مطالبہ کیا - امریکا کی جنگ مخالف تنظیموں منجملہ کوڈ پنک، پیس اینڈ جسٹس الائنس ، جنگ سے پاک دنیا اور دیگر جنگ مخالف گروہوں نے امریکا کے ستر شہروں میں احتجاجی اجتماعات منعقدکرکے ٹرمپ کے جنگ پسندانہ اقدامات اور پالیسیوں کی مخالفت کی -
وائٹ ہاؤس کے باہر بھی لوگوں نے خودجوش طریقے سے مظاہرہ کرکے ٹرمپ کی جنگ پسندانہ پالیسیوں اور ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکی اقدام کی مذمت کی -
اسی طرح کے اجتماعات کینیڈا میں بھی ہو رہے ہیں - اور جنگ مخالف تنظیموں نے پورے کینیڈا میں ایران اور عراق کے سلسلے میں امریکا کے جنگی اقدامات کے خلاف مظاہروں کی کال دی ہے -