Jan ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۸ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی دھمکیوں کی امریکا کے اندر بڑے پیمانے پر مذمت

امریکی ایوان نمائندگان میں انٹیلیجنس کمیٹی کے سربراہ ایڈم شیف نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکی اقدام کو اشتعال انگیز اور خطرناک اقدام قراردیا ہے۔ اسی کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر بھی امریکا کے اندر اور عالمی سطح پر سخت تنقید کا سلسلہ جاری ہے جس میں ایران کے تاریخی اور ثقافتی مراکز پر حملے کی دھمکی دی گئی ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان میں انٹیلیجنس کمیٹی کے سربراہ ایڈم شیف نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے ایران کے ثقاقتی مقامات پر بمباری اور طاقت کے استعمال کی جو دھمکی دی ہے وہ امریکا کی قومی سلامتی کے لئے صحیح اور واضح اقدام نہیں ہے -

اس سے پہلے امریکی ایوان نمائندگان میں خارجہ تعلقات کی کمیٹی نے بھی ایران کے خلاف بیہودہ دھمکیوں پر مبنی ٹرمپ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ میڈیا بار بار اس بات کی یاد دہانی کرا رہا ہے کہ جنگ کے لئے قانونی لحاظ سے کانگریس سے اجازت لینا ضروری ہے -

امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی نے ٹرمپ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں جنگ کے لئے امریکی کانگریس سے اجازت لینی ہوگی کیونکہ تم ایک ڈکٹیٹر نہیں ہو - اس درمیان امریکی وزیرجنگ نے ٹرمپ کی دھمکیوں کے برخلاف ایک متضاد بیان میں کہا ہے کہ ایران کے تاریخی اور ثقافتی مقامات پر حملہ زیر غور نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مسلحانہ جنگ کے قوانین کا پابند ہے -

امریکی وزیرجنگ مارک اسپر نے ایران کے تاریخی اور ثقافتی مقامات پر حملے کی دھمکی کے بارے میں نامہ نگاروں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم جنگ کے دوران کے قوانین کی پابندی کریں گے - امریکا کے ریپبلیکن سینیٹرلینڈسی گراہم نے بھی کہا ہے کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں ایران کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کو نشانہ بنانے کے ان کے دھمکی آمیز بیانات پر انہیں خبردار کیا ہے۔ ہیل نیوز ویٹ سائٹ کے مطابق لینڈسی گراہم نے کہا کہ میں نے پیر کے دن ٹرمپ سے بات کی اور کہا کہ ہم ایرانی عوام کی ثقافت سے جنگ نہیں کر رہے ہیں اور جنگ کے دوران تاریخی ثقافتی اور مذہبی مقامات قانونی اعتبار سے نشانہ نہیں بنائے جاسکتے - ہیگ کے انیس سو چون کے کنونشن اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دوہزار سترہ کی قرارداد کے مطابق تاریخی اور ثقافتی مقامات پر حملہ جنگی جرم ہے -

امریکی صدر ٹرمپ نے سنیچر اور اتوار کو دھمکی دی تھی کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا تو ایران کے باون تاریخی اور ثقافتی مقامات پر وہ حملہ کردیں گے - ٹرمپ کے اس دھمکی آمیز بیان پر عالمی سطح پر منفی ردعمل سامنے آیا ہے - ہیومن رائٹس واچ کی ڈپٹی دائریکٹر آندرہ پراسو نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو چاہئے کہ وہ کھلے عام ایران کے تاریخی اور ثقافتی مراکز اور مقامات پر حملے کی اپنی دھمکی کو واپس لیں - ڈیموکریٹس سینیٹر کریس مورفی نے بھی ٹرمپ کی اس دھمکی کے ردعمل میں کہا ہے کہ ایران کے عام شہریوں اور ثقافتی وتاریخی مقامات پر حملہ کرنا جنگی جرم ہوگا اور یہ وہی اقدام ہوگا جو دہشت گردعناصر انجام دیتے ہیں - بعض ذرائع ابلاغ ٹرمپ کی اس دھمکی کو داعش اور طالبان کے اقدامات سے تشبیہ دے رہے ہیں جب انہوں نے عراق شام اور افغانستان میں تاریخی اور ثقافتی مقامات کو مسمار کیا ہے - یونسکو نے بھی ٹرمپ کی دھمکی پر کہا ہے کہ واشنگٹن کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی ثقافتی میراث کی حفاظت کرے -

ٹیگس