Mar ۰۱, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • کورونا کی روک تھام کے لئے فرانس میں عوامی اجتماعات پر پابندی

اٹلی کے بعد فرانس میں بھی مہلک وائرس کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کورونا وائرس کو قابو میں کرنے کے لئےفرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی زیر صدارت فرانس کی دفاعی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فرانس کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاو کو روکنے کے لیے پانچ ہزار سے زائد افراد کے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر رہا ہے۔

ہفتے کے روز خصوصی حکومتی اجلاس کے بعد فرانسیسی وزیر صحت اولیور ورن نے محدود جگہوں پر بڑے اجتماعات کی منسوخی کا اعلان کیا۔اولیور ورن نے کہا کہ ملک بھر میں محدود جگہوں پر پانچ ہزار سے زائد افراد کے اجتماعات منسوخ کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل انہوں نے فرانسیسی عوام سے کہا تھا کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں۔

اولیور ورن نے کہا کہ پیرس کے شمال میں عوامی اجتماعات پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے، جہاں کورونا کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں۔ فرانسیسی وزیر صحت کے مطابق فرانس میں کورونا وائرس کے سولہ نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس طرح متاثرہ افراد کی تعداد تہتر ہوگئی ہے جبکہ دو افراد کے مارے جانے کی بھی خبر ہے۔

ٹیگس