Apr ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • دنیا کے باہمی تعاون کے بغیر کورونا کی شکست ناممکن ہے: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ دنیا کے ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے، باہمی تعاون اور مدد کے بغیر کورونا وائرس کے موجودہ حساس اور بحرانی دور سے عبور نہیں کر سکیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے فرانس کے صدر امانوئیل میکرون سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ کورورنا وائرس کے عالمگیر بحران پر اسی صورت میں غلبہ حاصل کیا جاسکتا ہے جب دنیا کے ممالک اور حکومتیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون و مدد کی راہ اپنائیں-

صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی حکومت نے ایران کے خلاف غیر قانونی پابندیاں عائد کر کے بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ دو ہزار پانچ میں صحت عامہ سے متعلق اقوام متحدہ کے ذریعے پاس کئے گئے قانون کی بھی دھجیاں اڑائی ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کورونا وائرس کے دوران پوری دنیا میں جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کی طرف سے پابندیوں کا خاتمہ اور ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد ایک ضرورت تھی اور موجودہ حالات میں یورپ کا اپنے وعدوں پر عمل کرنا اور زیادہ اہمیت کا حامل بن جاتا ہے اور اس کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہئے-

انہوں نے عراق میں امریکا کی تازہ ترین فوجی کارروائی اور نقل و حرکت کو ایک خطرناک اقدام اور عراق و خطے کی سلامتی کے لئے نقصان دہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کے حق میں نہیں ہے اور اس نے ہمیشہ علاقے میں امن و استحکام کی برقراری کی راہ میں کام کیا ہے-

اس ٹیلی فونی گفتگو میں فرانس کے صدر امانوئیل میکرون نے بھی فرانس اور یورپ میں کورونا کے پھیلاؤ اور اس کو کنٹرول کرنے سے متعلق اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مالیاتی سسٹم انسٹیکس کے آپریشنل ہونے کے بعد ایران اور یورپ کے تجارتی لین دین میں اضافہ ہوگا اور دوطرفہ مالی تعاون آسانی کے ساتھ انجام پائے گا-

فرانس کے صدر نے علاقے میں ایران کے اہم اور تعمیری کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے علاقے کی سیکورٹی اور استحکام کے سلسلے میں علاقائی اور عالمی سطح پر ایران اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعاون میں توسیع پر زور دیا-

 

ٹیگس