Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • مقبوضہ فلسطین پر صیہونی قبضہ تسلیم نہیں: یورپی یونین

یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے پر صیہونی قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گی۔

فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین میں خارجہ امور کے سکریٹری جوزف بورل نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ انیس سو سڑسٹھ میں صیہونی حکومت کے ذریعہ ہتھیائے جانے والے فلسطینی علاقوں کے تعلق سے اُس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

جوزف بورل کے بیان میں آیا ہے کہ عالمی قوانین من جملہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں، دوسو بیالیس اور تین سو اڑتیس کے پیش نظر یورپی یونین مغربی کنارے پر اسرائیل کے قبضے کو تسلیم نہیں کرے گی۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سکریٹری نے تاکید کی کہ فلسطینی علاقوں پر ہر قسم کا صیہونی قبضہ بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی شمار ہوگا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے انیس سو سڑسٹھ میں ایک قرار داد پاس کر کے فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا تھا مگر غاصب صیہونی حکومت عالمی ضابطوں کو پاوں تلے روندتے ہوئے صیہونی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ مزید فلسطینی بستیوں پر قبضہ جمانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹیگس