امریکا، سیاہ فام شہری کا قتل، مظاہرے جاری
ریاست منے سوٹا کے شہر مینیاپولس میں امریکی پولیس اہلکار کے ہاتھوں گلا دبا کر سیاہ فام امریکی شہری کے قتل کو چند روز گزر جانے کے باوجود مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں اور لوگوں میں پولیس کے تئیں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شہری کے قتل کے خلاف امریکہ بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ پولیس کے نسل پرستانہ اور تشدد آمیز رویئے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایک سفید فام امریکی پولیس اہلکار نے گزشتہ ہفتے مینیاپولس شہر میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کو انتہائی غیر انسانی طریقے سے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا کے ذریعے عام ہونے کے بعد پورے امریکہ میں مظاہرے کیے جار ہے ہیں اور ریاستی حکومتوں نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کئی شہروں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
انسانی اور شہری حقوق کا دفاع کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ امریکہ میں سیاہ فاموں اور دیگر نسلوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو پولیس کے تشدد آمیز رویئے کا سب سے زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔